Tuesday, May 14, 2024

کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 548 دن ہو گئے

کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 548 دن ہو گئے
February 3, 2021

سرینگر (92 نیوز) غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم جاری ہیں۔ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 548 دن ہو گئے۔ پانچ فروری کو مقبوضہ وادی میں غیرانسانی لاک ڈاؤن کے پانچ سو پچاس دن پورے ہوں گے۔

پانچ اگست 2019  کو آرٹیکل 370 کا نفاذ اور پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا بہانہ بنا کر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم شہریوں کی آواز دبانے کے لیے ریاستی دہشتگردی کی انتہا کر دی۔ ایک طرف کورونا کی وبا اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈاؤن کیا گیا۔

آج دنیا کشمیریوں کی تکالیف کو محسوس کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں قتل عام، خواتین پر جنسی تشدد کےخلاف بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان بھارتی ریاستی دہشتگردی کےخلاف کھل کر بول رہے ہیں۔

برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ 70 سال سے کشمیری جہنم میں رہ رہے ہیں، آج حق خودارادیت تو درکنار کشمیریوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ چیخ رہی ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں 95 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری قتل کئے جا چکے، دنیا بار بار بھارت کے اس جھوٹے دعوے کومسترد کرچکی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ای یو ڈس انفو لیب کی حالیہ چشم کشا رپورٹ نے بھارت کے عالم گیر پروپگنڈے کو بری طرح بے نقاب کیا۔

امید ہے جمہوریت اور انسانی حقوق کے داعی مغربی ممالک اور واشنگٹن سے محکوم کشمیریوں کیلئے مزید مؤثر آوازیں اٹھیں گی۔ پاکستان اور کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 5 فروری کو دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔

بھارتی اقدام سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھرعالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان محاذ آرائی خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن ہو گی۔