Thursday, March 28, 2024

کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 546 دن ہو گئے

کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 546 دن ہو گئے
February 1, 2021

سرینگر (92 نیوز) مودی سرکار کا مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم جاری ہے ، آج کشمیر پر بھارت کے قبضے کو 546 دن ہوگئے، ۔۔5 فروری کو وادی میں غیرانسانی لاک ڈاؤن کے 550 دن پورے ہوں گے۔بھارت کے ناکام ڈراموں کے باوجود دنیا انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے آگاہ ہے۔

پانچ اگست 2019  کو آرٹیکل 370 کا نفاذ اور پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤکا بہانہ بنا کر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم شہریوں کی آواز دبانے کےلیے ریاستی دہشتگردی کی انتہا کردی، ایک طرف کورونا کی وبا اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈاؤن کیا گیا۔

آج دنیا کشمیریوں کی تکالیف کو محسوس کررہی ہے، مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام، خواتین پرجنسی تشدد کےخلاف بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں،  برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان بھارتی ریاستی دہشتگردی کےخلاف کھل کر بول رہے ہیں۔

برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ 70 سال سے کشمیری جہنم میں رہ رہے ہیں، آج حق خودارادیت تو درکنار کشمیریوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ چیخ رہی ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں 95 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری قتل کئے جا چکے، دنیا بار بار بھارت کے اس جھوٹے دعوے کومسترد کرچکی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ای یو ڈس انفو لیب کی حالیہ چشم کشا رپورٹ نے بھارت کے عالم گیر پروپگنڈے کو بری طرح بے نقاب کیا۔

امید ہے جمہوریت اورانسانی حقوق کے داعی مغربی ممالک اور واشنگٹن سے محکوم کشمیریوں کیلئے مزید مؤثر آوازیں اٹھیں گی، پاکستان اور کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، 5فروری کو دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کےلیے مظاہرے ہوں گے۔

بھارتی اقدام سے مسئلہ کشمیرایک بار پھرعالمی سطح پرابھر کر سامنے آیا، اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان محاذ آرائی خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن ہوگی۔