Thursday, April 25, 2024

کشمیر پاکستان کی شہہ رگ، کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، شہباز، بلاول

کشمیر پاکستان کی شہہ رگ، کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، شہباز، بلاول
October 27, 2019
لاہور (92 نیوز) کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے جو حق خود ارادیت حاصل کرکے رہیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا مسئلہ کشمیر پر کوئی دو رائے نہیں ہیں، اسکا حل مقامی آبادی کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مسلم لیگ ن کی مرکزی تقریب 180 ایچ ماڈل ٹائون، لاہور میں ہوئی۔ پارٹی صدر شہباز شریف نے کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، آج پورا پاکستان ثابت کرے گا، پاکستان مسلم لیگ ن آج ملک بھر میں یوم سیاہ بھرپور انداز سے منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لازوال جدوجہد آزادی پر غیور کشمیری عوام کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کریں گے۔ ادھر دوسری جانب پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقعے پر پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان میں کوئی دو رائے نہیں، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے، حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کے شہداء اور کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی، شہید بھٹو، شہید بی بی اور صدر زرداری نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو دوٹوک انداز میں اٹھایا، مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی لاک ڈاوَن نے عالمی برادری کے ضمیر پر بوجھ بڑھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں نفاق، عدم استحکام اور انتہاپسندی کی جڑ ہے، بی جے پی نے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے دو قومی نظریہ کی توثیق کر دی، کشمیریوں سمیت اقلیتوں پر مودی کے مظالم نے بھارت کو شیشے کا گھر بنا دیا ،پاکستان پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام کو حقِ خودارادیت ملنے تک سکھ کا سانس نہیں لے گی۔