Wednesday, May 8, 2024

کشمیر میں مظالم پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے ، سراج الحق

کشمیر میں مظالم پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے ، سراج الحق
September 16, 2019
کوئٹہ ( 92 نیوز) کوئٹہ میں  جماعت اسلامی کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی ریلی نکالی گئی ، ریلی سے خطاب میں  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر میں 42 دن سے کرفیو ہے ،تعلیمی ادارے بندہیں اور لوگ اپنے پیاروں کی  تدفین گھروں میں کرنے پر مجبور ہیں ،مگر  افسوس  دنیا کشمیر کے معاملے پر خاموش ہے۔ کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے تحت مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی امداد چوک سے نکالی گئی ، ریلی میں کوئٹہ  سمیت صوبے کے مختلف علاقوں سے کارکنوں نے شرکت کی ۔ ریلی لیاقت پارک چوک پر پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ  حکومت کہتی ہے کہ آخری حد تک جانے کو تیار ہیں ، وزیراعظم سے کہتا ہوں کونسی  آخری حد تک جانا چاہتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  کشمیر میں 14 ہزار خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی گئی ، ہر 14 اگست کو سری نگر میں کشمیری اپنا خون بھی پاکستانی پرچم پر نچھاور کرتے ہیں اور ہماری جانب سے مسئلہ کشمیر پر روایتی بیان بازی کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا ۔ مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنوں نے ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔