Saturday, April 20, 2024

کشمیر میں بھارتی مظالم !!! یاسین ملک کا تیس روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان

کشمیر میں بھارتی مظالم !!! یاسین ملک کا تیس روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان
December 9, 2015
لاہور (92نیوز) حریت رہنما یاسین ملک نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کے خلاف تیس روزہ بھوک ہڑتال کرنے کااعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو طے کرنا ہوگا کہ اس کی پہلی ترجیح بھارت کے ساتھ تجارت ہے یا مسئلہ کشمیر کو حل کرنا۔ تفصیلات کے مطابق 92 نیوزکے پروگرام ”زیربحث“ میں گفتگو کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کا منشور تمام انسانوں کے حقوق اور تحفظ کی بات کرتا ہے لیکن مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ کشمیریوں کی املاک کو آئے روز نذر آتش کیا جاتا ہے۔ سیاسی سرگرمیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد ہیں۔ بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر وہ بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ حریت رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ مسائل کے حل سے پہلے تجارت بے سود ہے۔ اسلام آباد طے کرے کہ اس کی پہلی ترجیح بھارت کے ساتھ تجارت ہے یا مسئلہ کشمیر کو حل کرنا زیادہ اہم ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ سشما سوراج نے دو مہینے پہلے کہا تھا کہ وہ کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کا فریق تسلیم نہیں کرتی ہیں‘ اب و ہ مذاکرات کی بحالی کی بات کرنے لگی ہیں‘ پاکستان کو بھارت کی دوغلی پالیسی پر نظر رکھنا ہو گی۔