Friday, April 19, 2024

کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ جامع ڈوزیئر شیئر کیا

کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ جامع ڈوزیئر شیئر کیا
November 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ جامع ڈوزیئر شیئر کیا۔

پاکستان کی بھارتی فوج کے ہاتھوں 5 مزید کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان نے بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف جامع ڈوزیئر عالمی برادری کے حوالے کر دیا۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ ڈوزیئر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور قتل عام کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج نے یکم اکتوبر سے اب تک جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشن میں کم از کم 30 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ بھارتی قابض افواج کی جانب سے کئی واقعات میں شہید کشمیریوں کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے نہ کرنے کا غیر انسانی اور ظالمانہ عمل بھی قابل مذمت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کردارادا کرے۔