Sunday, September 8, 2024

کشمیر میں بھارتی فوج کا ہسپتالوں میں زخمیوں پر حملے کرنا غیرانسانی فعل ہے: دفترخارجہ

کشمیر میں بھارتی فوج کا ہسپتالوں میں زخمیوں پر حملے کرنا غیرانسانی فعل ہے: دفترخارجہ
July 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈا ہے۔ کشمیر کے معاملے پر پاک بھارت جنگیں ہو چکی ہیں۔ حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ عالمی برادری بھارت سے کہے کہ کشمیر کے معاملے پر بات چیت کرے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان نے ہر فورم پر پرزور مذمت کی ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈا ہے۔ بھارتی فوج ہسپتالوں میں زخمیوں پر بھی حملے کر رہی ہے جو کہ غیرانسانی فعل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کا قیام صرف مسئلہ کشمیر کے حل ہی سے ممکن ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے معاملے پر جنگیں ہو چکی ہیں حل صرف مذاکرات سے ہی نکال جا سکتا ہے۔ پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے، عالمی برادری بھارت پر مذاکرات کے لیے زور ڈالے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کی پاکستان بارے بحث پر ترجمان کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد کی باتوں کو کہیں بھی سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے مسئلے پر تعاون جاری ہے۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔