Tuesday, April 23, 2024

کسی کے کام میں مداخلت نہیں، قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ، چیف جسٹس

کسی کے کام میں مداخلت نہیں، قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ، چیف جسٹس
January 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کبھی کسی اور کی ڈومین میں جانے کا مقصد نہیں تھا نہ ہی کسی کے کام میں مداخلت کی۔ قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی۔ لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے اعزاز میں الوداعی ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم ، نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ اور وکلا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف جسٹس آف پاکستان نے وکلا اور ججز سے خطاب میں کہا کہ زندگی میں کوشش کی ہے کہ آخرت کا انعام حاصل کر سکوں۔ مظلوم لوگ دیکھے تو ان کے لیے متعلقہ سہولیات میسر کیں۔ انصاف کے بغیر معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ بہت جلد پولیس ریفارمز کی شکل میں تحفہ دے رہے ہیں جس میں 22 اے کی مشکلات دور ہو جائیں گی۔ ہم اپنا احتساب خود کر رہے ہیں۔ الوداعی ڈنر کی تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عام آدمی کے بنیادی حقوق کے لیے کام کیا ہے۔