Sunday, September 8, 2024

کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی ، چیئرمین نیب

کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی ، چیئرمین نیب
April 16, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں کارروائی کے معاملے پر چیئرمین نیب نے انتقامی کارروائیوں سے متعلق تمام تاثرات کو مسترد کردیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کہتےہیں کہ کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی، ڈکٹیشن لینے کی ضرورت بھی نہیں، اگر محسوس کیا تو اپنا بریف کیس اٹھاکر چلا جاؤں گا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق  کے اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ حکومتی رکن قومی اسمبلی ثریا اصغر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نیب سے متعلق کوئی وضاحت نہیں مانگی پھر کیوں وضاحت پیش کر رہے ہیں، جو ہو رہا ہے انھیں پتہ ہے، آپ وضاحت نہ کریں جس پر چیئرمین نیب نے کہا الزامات لگیں گے تو وضاحت تو ضروری ہے۔ وہ ذاتی طور پر وضاحت دے رہے ہیں۔ چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا مزید کہناتھا کہ کسی قسم کی ڈکٹیشن لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، ڈکٹیشن لینے کی ضرورت بھی نہیں ،  جس دن ڈکٹیشن کا محسوس کیا تو صرف پانچ منٹ میں اپنا بریف کیس لے کر گھر چلا جاؤں گا۔ ان کا کہناتھا کہ ہر کسی کی عزت نفس کا خیال رکھا جاتا ہے۔