Thursday, April 18, 2024

کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے،فوج اور سول اداروں میں کشمکش نہیں، وزیر اعظم

کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے،فوج اور سول اداروں میں  کشمکش نہیں، وزیر اعظم
September 6, 2018
راولپنڈی ( 92 نیوز ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جی ایچ کیو میں  یوم دفاع و یوم شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہم کبھی کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے ، فوج اور سول اداروں کے درمیان کوئی کشمکش نہیں یہ محض ایک افسانہ ہے ، فوج میں سیاسی مداخلت نہیں بلکہ میرٹ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب میں 6 ستمبر  1965 کے حالات کا تذکرہ بھر پور انداز میں کیا اور شہدا کی قربانیوں کو سراہا ۔ وزیراعظم عمران خان نے  واضح کر دیا کہ پاکستان کبھی  کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا ،ہمارا  جینا مرنا پاکستان ہے  ،فوج میں سیاسی مداخلت نہیں  میرٹ ہے، جب مداخلت ہوتی ہے تو میرٹ  نہیں رہتا اور ملک تباہ ہو جاتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا جی ایچ کیو میں وقت گزارا تو پتہ چلا  کہ ایک  ہی ادارہ جو کام کر رہا ہے اور وہ ہماری فوج ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے  قومیں کیسے بنتی ہیں اور کیسے تباہ ہوتی ہیں کا بھی ذکر کیا اور اعلان کیا کہ ہمیں اداروں کو مضبوط کرنا ہے  ، ہمیں نبی اکرم ؐ کی زندگی سے سیکھنا ہے  ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب سڑکوں پر کام کرنے والےمزدور، کسان ، سکیورٹی فورسز والے یہ سمجھیں گےکہ ان کے بچے محنت کر کے کچھ بن سکتے ہیں  تو اس وقت یہ قوم  عظیم قوم بن سکتی ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدارس میں پڑھنے والے 24 لاکھ بچوں کا بھی حق ہے کہ وہ ججز سمیت ملک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں  ۔ ہم اپنے ملک میں عوام کو روزگار نہیں دے سکتے جس کیلئے عوام بیرون ملک جاتے ہیں ، 8 ہزار پاکستانی بیرون ممالک جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی  اپنے لوگوں کے مفاد کیلئے ہو گی ۔ تقریب کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔