Friday, April 26, 2024

کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑنا ، کوئی این آر او نہیں ہو گا، وزیر اعظم عمران خان

کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑنا ، کوئی این آر او نہیں ہو گا، وزیر اعظم عمران خان
October 7, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ  کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑنا ، کان کھول کر سن لیں کوئی این آر او نہیں ہوگا، میں نے شہبازشریف کو منڈیلا بنتے دیکھا ،  ان کی گرفتاری سے کون سی قیامت آگئی، شہباز شریف کے حق میں لائن بنا کر بولنے والے ڈرے ہوئے ہیں کہ ان کی باری بھی آنےوالی ہے۔الزام لگایا جارہاہے کہ ہم انتقامی سیاست کررہے ہیں ،اگر نیب میرے ماتحت ہوتی تو اب تک پچاس لوگ جیل میں ہوتے۔ لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں کرپشن یونین بنی ہے، کرپشن کےدفاع میں دھرنا دینا ہے تو کنٹینر  ہم فراہم کریں گے، لیکن کوئی کرپشن کرنےوالا بچے گا نہیں، کوئی این آر او نہیں ہوگا ، شکر کریں نیب میرے ماتحت نہیں ورنہ اب تک پچاس لوگ جیلوں میں ہوتے۔ وزیراعظم عمران نے کرپشن کی نشاندہی پر انعام رکھ دیا،وزیراعظم نے  ریکوری کی رقم میں سے 20 فیصد نشاندہی کرنے والے کو دینے کا اعلان کیا۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد لاہور میں پہلی دبنگ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، نوازشریف اور آصف زرداری بھائی بھائی ہیں، اکٹھے مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں، جتنا مرضی شور مچا لیں، کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس پر ہاتھ ڈالو جمہوریت خطرےمیں آجاتی ہے ، اوپر سے لڑائی ،  اندرسےبھائی بھائی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا معیشت کی حالت ابترہے ، ہوسکتا ہےآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے واضح کردیا کہ جب تک پی ٹی آئی کی حکومت رہے گی، پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے ۔