Thursday, April 25, 2024

کسی نے خواتین سے چھیڑخانی کی کوشش کی تو پھینٹی لگے گی : عمران خان

کسی نے خواتین سے چھیڑخانی کی کوشش کی تو پھینٹی لگے گی : عمران خان
May 18, 2016

مظفرآباد (92نیوز) عمران خان انتخابی مہم کے سلسلے میں آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جا پہنچے۔ انہوں نے آزادکشمیر کے جلسے میں مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کی کرپشن بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مولانا کا نعرہ ہے ”رقم بہاﺅ نوازشریف“ میں تمہارے ساتھ ہوں۔ پاکستان کے نظریے کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ نوازشریف کی پکڑ اللہ کی طرف سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم نے مانسہرہ میں چوتھی بار ایک ہی پائپ لائن کا افتتاح کر دیا۔ نواز شریف کے ہندوستان کے ساتھ کاروباری مفادات ہیں۔ عوام جانتی ہے جیسے پاکستان چل رہا ہے اس کا کوئی حل نہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میاں صاحب آپ نے جتنا پیسہ بنانا تھا بنا لیا۔ اب احتساب کا وقت آ گیا ہے۔ اب ”گو نواز گو“ ہو جانا چاہیے۔ میاں صاحب سمجھتے ہیں ایئرپورٹ اور سڑکیں بنا کر پاناما سے بچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا اگر آزادکشمیر میں ہماری جماعت جیت جاتی ہے اور کوئی کرپشن کرتا ہے اس کا ذمہ دار میں ہوںگا۔ وزیراعظم سے لےکر نیچے تک جو بھی کرپشن کرے گا میں احتساب کروں گا۔ عوام کے حقوق کیلئے وہ جنگ لڑوں گا جو آج تک کسی نے نہیں لڑی۔ خیبرپختونخوا کی پولیس غیرسیاسی ہے‘ 5ہزار کرپٹ پولیس اہلکاروں کو نکالا۔

عمران خان نے کہا مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے کوئی اثاثے پاکستان سے باہر نہیں۔ پاناما لیکس کے بعد حسین نواز نے کہا الحمدللہ مریم نواز کی 2 کمپنیاں ہیں۔ میاں صاحب نے بھی اسمبلی میں آ کرسب کے سامنے جھوٹ بولا۔

انہوں نے کہا جمعہ کو فیصل آباد کا جلسہ تمام ریکارڈ توڑ دےگا۔ خواتین فیصل آباد کے جلسے میں بھرپور طریقے سے شریک ہوں۔ اگر کسی نے ہماری خواتین سے چھیڑخانی کی کوشش کی تو اسے پھینٹا لگے گا۔ ہم اپنی عورتوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔ ہماری فورس بھی تیار ہے اس لیے شرپسندوں کو خبردار کر رہا ہوں کہ ہماری عورتوں کے قریب نہیں آنا۔