Thursday, April 18, 2024

کسی ملزم کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالا جائے تو وہ ملک سے فرار ہو جاتا ہے ، فواد چودھری

کسی ملزم کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالا جائے تو وہ ملک سے فرار ہو جاتا ہے ، فواد چودھری
January 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کسی ملزم کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالا جائے تو وہ ملک سے فرار ہو جاتا ہے۔ بدترین مثال اسحاق ڈار کی ہے جو وزیراعظم کے جہاز پر فرار ہوئے۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا تو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ای سی ایل میں ڈالے گئے ایک سو بہتر ملزموں کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم فیصلہ کیا گیا کہ پہلے تمام افراد کے خلاف جے آئی ٹی کی سفارشات کا  بغور جائزہ لیا جائے اور پھر کوئی فیصلہ  کیا جائے گا ۔ کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم کے مطابق کابینہ نے ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں پر نظرثانی کے لئے معاملہ ای سی ایل نظرثانی کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چودھری نے ماضی کی مثالیں بھی دیں اور کہا کہ اسحاق ڈار ای سی ایل میں نام شامل نہ ہونے کے باعث فرار ہوئے ۔ ماضی میں لوگوں کو جہازوں میں فرار کرایا گیا۔ فواد چودھری نے مراد علی شاہ کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مراد علی شاہ کو پیسے دے دیں تو لندن اور دبئی سے برآمد ہوتے ہیں۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں بلوچستان میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لئے فنڈز اور پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لئے 123 ملین یورو کے قرض کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز کے اضافے کا فیصلہ  بھی کیا گیا ہے۔