Wednesday, April 24, 2024

کسی صوبے کی جانب سے کوئی ٹھوس اعتراضات نہیں آئے ، اسد عمر

کسی صوبے کی جانب سے کوئی ٹھوس اعتراضات نہیں آئے ، اسد عمر
March 29, 2019

 لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا مذاکرات بڑے خوش آئند رہے ، کسی صوبے کی جانب سے کوئی ٹھوس اعتراضات نہیں آئے۔

 وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجلاس لاہور میں ہوا۔ سروسز کے حوالے سے صوبوں کا مؤقف تھا جی ایس ٹی کی ریکوری  صوبوں نے بہتر طریقے سے سرانجام دی، گڈز پر جی ایس ٹی کی وصولی بھی صوبوں کے حوالے کی جائے۔

 صوبوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی بیورو کریسی صوبائی حکومتوں کے شیئرز میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومتوں نے فاٹا کے لئے اپنا حصہ دینے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ فاٹا کے لئے درکار وسائل کا تخمینہ لگایا جائے۔

 وزیر خزانہ اسد عمر نے اجلاس کے بعد کہا کہ مذاکرات خوش آئند رہے، صوبوں کی جانب سے ٹھوس اعتراضات نہیں آئے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ پچھلے مالیاتی ایوارڈ کے مطابق ہی بنے گا۔ مزید بولے این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل آئی ایم ایف سے مذاکرات سے مشروط نہیں۔

 قومی مالیاتی ایوارڈ کے اجلاس میں بلوچستان اور سندھ کے وزیر خزانہ شریک نہ ہوئے۔ وزارت خزانہ سندھ کا قلمدان وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے پاس ہے۔ وزرائے خزانہ کی جگہ صوبائی سیکرٹری خزانہ شریک ہوئے۔ چیئرمین ایف بی آر بھی اجلاس میں موجود تھے۔