Friday, April 19, 2024

کسی جماعت کو کراچی آپریشن پر تحفظات ہیں توعدالت جائے:عبدالغفور حیدری

کسی جماعت کو کراچی آپریشن پر تحفظات ہیں توعدالت جائے:عبدالغفور حیدری
March 22, 2015
لاہور(نائنٹی ٹو نیوز)جمعیت علماء اسلام ف کے  رہنما اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ علامہ عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی رضامندی سے شروع کیا گیا۔ اگرکسی جماعت کو تحفظات ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ہوتے ہوئے مدارس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ والٹن روڈ لاہور میں جامعہ محمدیہ قاسمیہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے جسے ملک دشمن عناصر کاٹنا چاہتے ہیں۔ کراچی میں جاری آپریشن کے منفی نتائج اپنی جگہ لیکن وہاں امن قائم کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں ان کی موجودگی کے دوران قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون بنے گا نہ ہی مدارس کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی۔ علامہ عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب کو متحد ہو کرمثبت کردارادا کرنا ہو گا۔