Friday, April 19, 2024

کسی آمر نے بھی خود کو ہٹلر اور نپولین سے مشابہت نہیں دی، خورشید شاہ

کسی آمر نے بھی خود کو ہٹلر اور نپولین سے مشابہت نہیں دی، خورشید شاہ
November 17, 2018
کراچی (92 نیوز) خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن والے بیان سے متعلق کہا کہ کسی آمر نے بھی خود کو ہٹلر اور نپولین سے مشابہت نہیں دی۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ مشرف اور ایوب خان نے بھی ہٹلر اور نپولین سے خود کو مشابہت نہیں دی۔ وزیراعظم کے بیان کا مطلب ہے کہ ان کی سوچ ہٹلر اور نپولین جیسی ہے۔ عمران خان کے بیان کا مطلب ہے کہ وہ یوٹرن لے کر کامیاب ہو جائیں گے۔ ایسی سوچ رکھنے والا ملک کا وزیراعظم بن گیا۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں کر سکا۔ بھینسیں بیچنا شو بازی ہے، اصل ہدف کی جانب جانے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف خواجہ آصف  نے ٹویٹ کیا ہے کہ عمران خان یوٹرن والے بیان پر بھی یوٹرن لیں گے۔ عمران خان کے یوٹرن کا انتظار کریں۔ زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بولے عمران خان سنگل یو سے ہٹ کے ڈبل یو پر چلے گئے،اب تو ڈبل یوٹرن ہو گیا۔ صدرمملکت عارف علوی  نے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی زندگی کے ہرموقع پر یوٹرن لیا۔ مختلف مواقع پر مختلف فیصلے کیے جاتے ہیں۔ اپوزیشن کی تنقید کا سلسلہ نہ رکا تو  گورنر سندھ عمران اسماعیل  میدان میں آئے۔ اپنے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے بولے وزیراعظم عمران خان کی یوٹرن والی بات درست ہے،جب تک لیڈر یوٹرن نہیں لیتا بڑے فیصلے نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ جو یوٹرن لینا نہیں جانتا اس سے بڑا بے وقوف لیڈر نہیں ہوسکتا۔ ہٹلر اورنپولین کو یوٹرن نہ لینے پر شکست ہوئی تھی۔