Friday, March 29, 2024

کسٹمز سافٹ ویئر پائلٹ پراجیکٹ کرپشن، ایف بی آر کے 17 افسران تحقیقات میں شامل

کسٹمز سافٹ ویئر پائلٹ پراجیکٹ کرپشن، ایف بی آر کے 17 افسران تحقیقات میں شامل
August 5, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کسٹمز سافٹ ویئر پائلٹ پراجیکٹ میں کرپشن تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، نیب کراچی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پانچ سینئر ممبران سمیت 17 افسران کو تحقیقات میں شامل جبکہ بیان قلمبند کرانے کیلئے نوٹس جاری کردیا۔

دستاویز کے مطابق کرپشن کیس میں 11 ملین ڈالرز کی ترسیلات زر کی منظوری کا الزام ہے۔ سابق ایف بی آر کے ممبران ایس ایم لعل، عامر زیڈ چودھری، رمضان بھٹی، سلمان نبی اور ممتاز حیدر رضوی کو تحقیقات میں شامل کیا گیا۔

سابق ایف بی آر کے سیکرٹریز سید حامد علی، سابق سیکریٹری غلام محمد ریاض اور سابق سیکریٹری ثنا اللہ خان کو بھی نیب تحقیقات میں شامل کردیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کلیکٹر ارشد جاوید، کلیکٹر ایف بی آر آصف سعید خان، سابق چیف کلیکٹر انٹرنیشنل کسٹمز ایف بی آر ثروت طاہرہ اور سابق ڈپٹی کلیکٹر ایف بی آر عرفان سرفراز بھی نیب تحقیقات میں شامل کردئیے گئے۔

سابق سیکنڈ سیکرٹری حافظ شاہد عباس، سابق ڈائریکٹر غضنفر جیلانی، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر خواجہ تنویر احمد، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر آزود المہدی اور معاون خصوصی برائے چیئرمین ایف بی آر سید ضیا محبوب کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا۔