Thursday, March 28, 2024

کسانوں کو عدم ادائیگی شوگرملزمالکان کے خلاف 20مقدمات درج

کسانوں کو عدم ادائیگی شوگرملزمالکان کے خلاف 20مقدمات درج
April 3, 2015
سرگودھا(ویب ڈیسک)سرگودھامیں کسانوں کے کروڑوں روپے ادانہ کرنے پر عبداللہ شوگرملزمالکان اور انتظامیہ کے خلاف 20مقدمات درج کرلئے گئے۔ عدم ادائیگی میں مزیدتاخیرپرسیل کردیاجائے گا،کین کمشنرپنجاب کی کسانوں کو یقین دہانی ،مل مالکان وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف کے قریبی عزیزبتائے جاتے ہیں۔ سرگودھامیں عبداللہ شوگر ملز شاہپور کو کاشتکاروں کے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سیل کر دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ملز انتظامیہ کے خلاف مختلف قسم کے 20 فوجداری اور شوگر فیکٹریز آرڈی نینس کے تحت مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔ عبداللہ شوگر ملز کے واجبات کی ادائیگی کاجائزہ لینے کے سلسلہ میں کین کمشنر پنجاب ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ عبداللہ شوگر ملز کے ذمہ کروڑوں روپے کے واجبات ہیں جن پر شوگرملز انتظامیہ کے خلاف 20مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ کین کمشنر نے یقین دلایاکہ شوگر ملز سے کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی اور عدم ادائیگی کی صورت میں شوگر ملز کو سیل کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ سال 2013-14 کے کسانوں کے واجبات کی فوری طو رپر ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور حکومت پنجاب کی ہدایت پرعمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں مختلف د فعات کے تحت مزیدمقدمات درج کر کے کسانوں کے واجبات کی ادائیگی کی جائے۔ مل مالکان میاں محمدالیاس اور میاں وقاص کے بارے میں بتایاجاتاہے کہ وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف کے قریبی عزیزہیں اور وہ کئی سال سے کسانوں کے واجبات کی ادائیگی میں لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔