Sunday, May 12, 2024

کسانوں کو خوشحال بنانے، زرعی پیداوار میں اضافے کے اقدامات اٹھائینگے، پرویزالہٰی

کسانوں کو خوشحال بنانے، زرعی پیداوار میں اضافے کے اقدامات اٹھائینگے، پرویزالہٰی
September 18, 2020
لاہور (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت زراعت پر پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، چودھری پرویزالہٰی کا کہنا ہے کہ کسانوں کو خوشحال بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت زراعت پر پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا،اجلاس میں زراعت سے متعلق جامع پالیسی، کسانوں کے استحصال کو روکنا، نئی منڈیوں تک رسائی کے معاملات زیربحث آئے۔ اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم رقبے والے کسانوں پر ٹیکس معاف کیا جس سے 88 فیصد طبقہ کو فائدہ ہوا، ہم نے کسانوں کو بلاسود قرضے دئیے، آبیانہ کا فلیٹ ریٹ مقرر کیا، پہلی دفعہ پانی چوری ختم ہوئی، ٹیلی میٹری نظام کے فروغ اور ہر یوسی میں لیزر لیولر دئیے تاکہ پانی کم استعمال ہواور پیداوار بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں مختلف علاقوں میں بیراج بنائے، نہروں کی لائننگ کی،ساڑھے چار سو کلومیٹر پکے کھالے بنائے تاکہ ٹیل تک پانی پہنچے۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ ملاقات میں زراعت پر سپیشل کمیٹی قائم کی ہے۔ چودھری پرویزالہٰی نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ چھوٹے کسان کو خوشحال بنانے کیلئے اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں۔