Friday, April 19, 2024

کسان اتحاداور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

کسان اتحاداور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب
May 24, 2016
لاہور(92نیوز)کسان اتحاداور پنجاب حکومت کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کسانوں کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ بجلی کے بلوں پر چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،جو کسانوں سے ملکر کر بلوں کا طریقہ کار وضع کریگی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایوان وزیراعلی میں رات گئے کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔کسانوں کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے مسائل کے متعلق آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی کےلئے 100 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جس پر عملدرآمد سے چھوٹا کاشتکار خوشحال ہوگا انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں  کے حوالے سے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کاشتکاروں کے نمائندوں سے ملکر بلوں کا طریقہ کار وضع کرے گی اور میپکو اور لیسکو کو 30 مئ تک کنکشن نہ کاٹنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے باردانہ کے بارے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔اور کاشتکاروں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ وفاقی حکومت سے متعلقہ مسائل کیلئے وفد کے ہمراہ وزیراعظم اور وزیرخزانہ سے ملاقات کریں گے۔اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان،ڈاکٹر فرخ جاوید ،یاور زمان ،بلال یاسین ،چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔