Thursday, March 28, 2024

کسان اتحاد اور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

کسان اتحاد اور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب
September 29, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے مال روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے کسانوں کے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔ دھرنے کے دوران کسانوں پر بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کا اثر ہو گیا۔ بوریت مٹانے کےلئے رقص‘ بھنگڑے بھی ڈالے۔ تھکن ہوئی تو مال روڈ کو ہی بستر بنا لیا۔ تفصیلات کے مطابق احتجاج رنگ لے آیا۔ لاہور میں کسانوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ لاہورکے مال روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے کسانوں کے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ صدر کسان اتحاد رضوان اقبال نے کہا کہ مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ حکومت شرائط مان رہی ہے۔ آج شام چھ بجے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات ہوگی۔ احتجاج کرنے والے نعرے مار مارکربور ہوئے تو بوریت مٹانے کےلئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا انداز اپنا لیا۔ سب کسان اکٹھے ہوئے اور رقص کرنے لگے۔ رقص نے کسانوں کی بیٹری چارج کردی جس کے بعد وہ بھنگڑے بھی ڈالتے رہے۔ ناچ ناچ کر تھکنے کے بعد احتجاجی کسانوں کو نیند بھی خوب آئی۔ انہوں نے مال روڈ اور پنجاب اسمبلی کی گراونڈ کو اپنا بستر بنا لیا۔