Saturday, April 27, 2024

کرکٹر عمر گل آج اپنی 35 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ‏

کرکٹر عمر گل آج اپنی 35 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ‏
April 14, 2019

لاہور ( ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی عمر گل آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔

چودہ اپریل 1984 کو پشاور میں پیدا ہونے والے عمر گل نے 3 اپریل 2003 میں شارجہ اسٹیڈیم میں زمبابوے کیخلاف ڈیبیو کیا تھا ،اس میچ میں عمر گل نے 7 اوور پھینکے اور 25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں ۔

انہوں نے اوپنر کریگ ویشرٹ اورٹاپ آرڈر ٹریویز فرینڈز کو پویلین کی راہ دکھائی تھی ۔پاکستان یہ میچ 68 رنز سے جیت گیا تھا۔عمر گل نے اس میچ میں 3.57 کی اوسط سے سب سے کم رنز دیے تھے  اور پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین باؤلر ٹھہرے تھے۔

انہوں نے اب تک پاکستان کیلئے 130 ون ڈے میچز کھیل کر 179 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔

عمر گل نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ون ڈے میچ 4ستمبر 2016 کو انگلینڈ کیخلاف کارڈف میں کھیلا تھا ۔

عمر گل نے پہلا ٹیسٹ میچ بھی 2003 میں کھیلا ۔ یہ میچ انہوں نے 20  سے 24 اگست تک بنگلہ دیش کیخلاف کراچی میں کھیلا۔اپنےپہلے ٹیسٹ میچ میں عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

عمر گل نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کیپ ٹاؤن میں ساؤتھ افریقہ کیخلاف کھیلا تھا ،اس میچ میں عمر گل صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے ۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے 47 ٹیسٹ میچز کی 90 اننگز کھیلیں  اور 163 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔

عمر نے اپنے ٹی 20 کا ڈیبیو کینیا کیخلاف نیروبی میں 4 ستمبر 2007 کو کیا،اس میچ میں وہ کوئی وکٹ تو حاصل نہ کر سکے ، لیکن انہوں نے کل تین اوورز  پھینکے جن میں 7رنز دیے ان میں سے بھی ایک اوور میڈ ان تھا ۔

انہوں نے آخری ٹی 20 میچ 17 جنوری 2016 کو ہملٹن میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا ، اس میچ میں وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔