Sunday, September 8, 2024

کرکٹ کے چودھری کی من مانیاں، آسٹریلیا کیخلاف آج کے میچ کیلئے دھونی الیون کی خواہش پر وکٹ تبدیل

کرکٹ کے چودھری کی من مانیاں، آسٹریلیا کیخلاف آج کے میچ کیلئے دھونی الیون کی خواہش پر وکٹ تبدیل
March 27, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) کرکٹ کے چودھری کی من مانیاں، آسٹریلیا کے خلاف آج کے میچ کے لئے دھونی الیون کی خواہش پر وکٹ تبدیل کر دی گئی۔ طے شدہ وکٹ کے بجائے ٹرننگ ٹریک تیار کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق براڈکاسٹرز اور سپانسرز ملٹی ملین ڈالرز کے دھندے میں بھارتی ٹیم کو فائنل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہار کے خوف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی نیندیں اڑا دیں۔ جیت کے لیے ٹرننگ ٹریک بنا لیا۔ بھارت کے کھیل کے ساتھ کھلواڑ پر انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ نے بھی آنکھیں بند کر لیں۔ آج موہالی میں ہار کی صورت میں بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا اور ٹرافی دوسری ٹیم لے اڑے گی اس لیے بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے سنڈے کو فنڈے میں بدلنے کا سارا منصوبہ رچا لیا ہے۔ بھارت کے اس منصوبے کا کسی اور نے نہیں بلکہ بھارتی میڈیا نے ہی بھانڈا پھوڑ دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ مینجمنٹ نے اپنے کرکٹ بورڈ سے پچ بدلنے کی سفارش کی۔ بھارت نے اس ایونٹ میں کھیل سے کھلواڑ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف بھی کیا۔ بیٹنگ وکٹ کو ٹرننگ ٹریک میں بدلا، آفریدی الیون تو اس سازش کو نہ سمجھ سکی اور ہار گئی لیکن نیوزی لینڈ اس چالاکی کو جان گیا اور اسپنرز کھلا کر بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ انٹرینشل کرکٹ بورڈ کا ایونٹ ہے اور اس میں کوئی بھی ٹیم اپنی مرضی کی پچ تیار نہیں کر سکتی لیکن کرکٹ کے چودھری بھارت کو کون لگام ڈالے۔ شائقین کو خوش کرنے کے لیے سلو ٹریک تیار کر لیا۔ کوئی دوسرا کرکٹ بورڈ ایسا کرے تو فوری ایکشن اور بھارت جس نے کرکٹ کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے اس پر آئی سی سی کا دہرا میعار کھیل کو نقصان پہنچا رہا ہے۔