Wednesday, April 24, 2024

کرکٹ کے بڑوں سے بڑے فیصلے متوقع

کرکٹ کے بڑوں سے بڑے فیصلے متوقع
March 28, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ کے کوارٹرفائنل میں شکست کے بعد کرکٹ کے بڑوں نے بڑے فیصلے کر لئے ہیں۔ ایک طرف مصباح الحق کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے بعد اظہرعلی کو کپتان بنانے کا فیصلہ  ہوا ہے تودوسری طرف کسینوجانے پر زیرِ عتاب آنے والے معین خان کی جگہ ہارون رشید کونیا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹراظہرعلی پرقمست کی دیوی ایسی مہربان ہوئی  ہے کہ وہ ناصرف ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے بلکہ کپتان ہی بنا دئیے گئے ہیں۔ انہیں ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان بھی بنایا گیا ہے جہاں وہ مصباح الحق کی مدد کریں گے۔ اظہرعلی کو ورلڈکپ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن اب انہیں کپتانی ہی سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے تین جنوری دوہزار تیرہ کوکھیلا تھا، وہ اب تک چودہ ون ڈے میچوں میں اکتالیس رنز کی اوسط سے چارسو بانوے رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے ابھی تک ون ڈے سنچری اسکور نہیں کی۔ ان کے نائب کے لئے وکٹ کیپربلے بازسرفراز احمد کو چنا گیا ہے، جوورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کی وجہ سے بورڈاورشائقین کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے ہیں۔ سرفرازاحمد میگا ایونٹ کی تاریخ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی وکٹ کیپرکا اعزاز رکھتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ نےشاہد آفریدی کوٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے لیکن ان کے نائب کے طور پراب سرفرازاحمد کوآزمایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں پر عرصے سے کام کرنے والے ہارون رشید  سلیکشن کمیٹی کے رکن کے ساتھ ساتھ ٹیم منیجر بھی رہے ہیں۔ انہیں یہ ذمہ داری معین خان کی جگہ سونپی گئی ہے جوآسٹریلیا میں کسینو جانے پر دھرلئے گئے تھے۔ ہارون رشید کے ساتھ سلیکشن کمیٹی میں سلیم جعفر،اظہرخان  اورکبیرخان شامل ہوں گے۔۔ تمام فیصلوں کی حتمی  منظوری کے لئے پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس منگل کوطلب کرلیا گیا ہے۔