Thursday, March 28, 2024

کرکٹ کے بانی کرکٹ کے بادشاہ بھی بن گئے

کرکٹ کے بانی کرکٹ کے بادشاہ بھی بن گئے
July 15, 2019
لارڈز ( 92 نیوز ) کرکٹ کے بانی آخر کار کرکٹ کے بادشاہ بن ہی گئے ، انگلینڈ کی ٹیم ماضی میں تین مرتبہ فائنل میچ کھیل چکی ہے ، مگر ہر بار قسمت کی دیوی ان سے روٹھی رہی  لیکن سال 2019 میں چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنے والی انگلینڈ نے میدان مار  کر کرکٹ کی بادشاہت کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسرے ورلڈ کپ  جو کہ 1979 میں کھیلا گیا ،   میں پہلی بار فائنل میں پہنچی اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کیا ، اس میچ میں سر ویون رچرڈ سن نے 138 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی  اور دس اوورز میں بغیر وکٹ حاصل کئے صرف 38 اسکور دیکر  انگلینڈ کو کپ سے محروم کر دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے دوبارہ 1987 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ،یہاں اس کا سامنا پہلی مرتبہ فائنل تک پہنچنے والی آسٹریلیا سے ہوا ،آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 253 رنز بنائے ۔انگلینڈ کی ٹیم نے صرف 7 رنز سے ورلڈ کپ کو چھوڑ دیا  اور مقررہ 50 اوورز میں 246 رنز ہی بنا پائی ۔ انگلینڈ کی ٹیم 1992 میں ایک بار پھر فائنل  تک پہنچ گئی جہاں اس نے پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کرنیوالی پاکستانی ٹیم سے  زور آزمایا ۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 249 رنز بنائے  جبکہ انگلش ٹیم پچاسویں اوور کی دوسری گیند پر 227 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔ اس میچ میں کپتان عمران خان نے 72،جاوید میانداد نے 58،انضمام الحق نے 42 اور وسیم اکرم نے 33 رنز بنائے ۔اس میچ میں وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے 3،3، عاقب جاوید نے 2 اور کپتان عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی ۔