Thursday, April 25, 2024

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ، بھارت کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ، بھارت کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ
June 9, 2019

 لندن (92 نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے ایونٹ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ میگا ایونٹ میں آج بھارت نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔

ورلڈ کپ میچز میں کینگروز کو بھارت پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں 11 بار میگا ایونٹ میں ایک دوسرے کے مد ممقابل آئیں جس میں 8 بار آسٹریلیا نے میدان مارا اور 3 بار بھارت نے کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا نے ایونٹ میں دو میچز کھیلے اور دونوں میں فتح حاصل کی جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دی۔

 قبل ازیں بھارت نے پروٹیز کو ساؤتھ ہمپٹن کے میدان میں چھ وکٹوں سے دھول چٹا دی۔ بدقسمتی نے جنوبی افریقا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ورلڈ کپ مہم کا تیسرا میچ بھی ہار گئی ۔ بھارت کیخلاف میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے  صرف 227 رنز بنائے۔ بھارت نے ہدف 48 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ اوپنر روہت شرما نے شاندار سنچری بنائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

مہندرا سنگھ دھونی نے 34،کے ایل راہول نے 24 رنز بنائے ، ہاردک پانڈیا نے 48 ویں اوور میں وننگ شاٹ لگا کر میچ کا اختتام کیا۔

دوسری طرف آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دے دی ۔ 289 رنز کے تعاقب میں ہولڈر الیون 9 وکٹوں پر 273 رنز بنا سکی۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کو ترجیح دی اور صرف  اناسی  رنز پر آدھی آسٹریلوی ٹیم پویلین  بھجوا دی لیکن پھر سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور کولٹر نائل  ونڈیز باؤلرز کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹ گئے اور ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کا اسکور 288 تک پہنچا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ابتدا سے ہی جھٹکے لگے۔ وقفے وقفے سے  ویسٹ انڈین ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔ شائی ہوپ  اور جیسن ہولڈر نے فتح کی امید دلائی لیکن بات نہ بن پائی ۔ دونوں کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا پائیں۔  آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک نے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔