Thursday, September 19, 2024

کرکٹ میں نجم سیٹھی اور شہریار کی شکل میں اختیارات کے دو مرکز بن چکے، ٹکرائو نے کرکٹ تباہ کی: عمران خان

کرکٹ میں نجم سیٹھی اور شہریار کی شکل میں اختیارات کے دو مرکز بن چکے، ٹکرائو نے کرکٹ تباہ کی: عمران خان
April 1, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرکٹ میں نجم سیٹھی اور شہریار کی شکل میں دو پاور مرکز بن چکے ہیں، جن کے ٹکرائو نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ کپتان نے ازرائے مذاق کہا کہ انتخاب عالم کم عمر ہیں میں بوڑھا ہو چکا ہوں اس لئے اُن پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا وقار یونس کی رپورٹ بتاتی ہے کہ کرکٹ میں اختیارات کے دو الگ مرکز بن چکے ہیں۔ ایک طرف نجم سیٹھی ہیں اور دوسری جانب شہریار خان، ان دونوں کے تصادم نے کرکٹ کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور نجم سیٹھی کو کرکٹ ورلڈ کپ کی پرفارمنس پر مین آف دی سیریز قرار دیا جانا چاہیے۔ کپتان کہتے ہیں کرکٹ بورڈ میں موجود سفارشیوں نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم میں 15 اپریل تک توسیع اور مئی میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تسنیم نورانی مرکزی تنظیم کے ساتھ ہی مرکزی کونسل بھی منتخب کرانا چاہتے تھے۔ وضاحت مانگی تو مستعفی ہو گئے جس نے غلط فہمیوں کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں گے۔