Friday, April 19, 2024

کرکٹ دیوانے پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا، ٹیموں کی تیاری شروع

کرکٹ دیوانے پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا، ٹیموں کی تیاری شروع
February 18, 2020
لاہور (92 نیوز) کرکٹ دیوانے پی ایس ایل کے بخار میں مبتلا ہونے لگے۔ ٹیموں نے بھی بڑے مقابلوں کی تیاری شروع کردی۔ پی ایس ایل  فائیو کے آغاز میں صرف 6 روز باقی رہ گئے۔ ایسے میں ٹیموں نے بھی خود کو وارم اپ کرنا شروع کردیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہیڈ کوچ محمد اکرم کی زیر نگرانی پشاور زلمی کا پہلا بھرپور پریکٹس سیشن ہوا، کپتان ڈیرن سیمی نے تو ایک روز قبل ہی پریکٹس کا  آغاز کردیا تھا۔ سٹار آل رائونڈر شعیب ملک پریکٹس کے لیے ننھے فین سے لفٹ لیکر موٹر سائیکل پر اسٹیڈیم آئے۔ شعیب ملک نے خاص طور پراس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جبکہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ پر یو ٹرن لیتے ہوئے کہہ دیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ان کا آخری ایونٹ نہیں ہوگا۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ورلڈ کپ میں اپنی پرفارمنس دیکھ کر کرونگا۔ ملتان سلطانز نے بھی اظہر محمود، اینڈی فلاور اور مشتاق احمد کی زیر نگرانی لاہور میں پریکٹس کا آغاز کردیا۔ دوسری جانب کرکٹ کا ایک دیوانا کراچی کا  رہائشی  عبد الجلیل مروت پی سی بی کیخلاف سندھ ہائیکورٹ جا پہنچا جہاں اس نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی  پی ایس ایل کے میچ کرانے کا حکم جاری کیا جائے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بیس فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہورہی ہے جس کیلئے اسٹیڈیم کے ساتھ ساتھ اسکا ڈریسنگ روم بھی سجادیا گیا ہے۔ ہر طرف چیمپینز ٹرافی، پی ایس ایل  کی فتوحات اور یادگاری لمحات کی  تصاویر آویزاں ہیں۔