Thursday, May 9, 2024

کرک واقعہ، سپریم کورٹ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک کو طلب کرلیا

کرک واقعہ، سپریم کورٹ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک کو طلب کرلیا
February 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کرک واقعہ پر سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی، عدالت نے چیئرمین متروکہ وقف املاک کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

سپریم کورٹ نے کرک میں مندر کی تعمیر کا ٹائم فریم بھی مانگ لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کرک واقعہ میں 119 افراد گرفتار ہوئے، ان سے نقصان کی رقم وصول کریں۔ ایک مرتبہ نقصان وصول ہوگا تو دوبارہ کوئی ایسا کرنے کا سوچے گا بھی نہیں۔

ہندو رہنماء رکن اسمبلی رمیش کمار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مندر کی تعمیر کا کام ابھی تک شروع نہیں ہوا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے مؤقف اپنایا کہ کے پی حکومت نے مندر کی تعمیر کے لیے تین کروڑ اڑتالیس لاکھ مختص کیے ہیں۔

جسٹس اعجاز الااحسن نے ریمارکس دئیے کہ متروکہ املاک کی ساری پراپرٹیز لیز پر دے دی گئی ہیں، کچھ پراپرٹیز مستقل طور کسی کو دی دی گئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ جسٹس متروکہ املاک کی 14 جائیدادوں پر ابھی بھی غیر قانونی قبضہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریماکس دئیے کہ متروکہ املاک کی جائیداد کسی کو نہیں دی جا سکتی، متروکہ اپنے زمین پر ہاؤسنگ سوسائیٹیز کیسے بنا سکتی ہے، متروکہ کے پاس یہ جائیدادیں امانت ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف پیش کیا کہ متروکہ املاک نے تمام جائیدادوں کی جیو ٹیگنگ کی ہے جو مثبت پہلو ہے۔

چیئرمین اقلیتی کمیشن نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے تعاون نہ ملنے کا شکوہ کردیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی۔