Thursday, September 19, 2024

کرک انفو 2017 کے ایوارڈز کا اعلان ،فخر زمان بہترین بلے باز،عامر بہترین باؤلر قرار

کرک انفو 2017 کے ایوارڈز کا اعلان ،فخر زمان بہترین بلے باز،عامر  بہترین باؤلر قرار
February 19, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) کرک انفو نے سال 2017 کے ایوارڈز کا اعلان کردیا ، فخرزمان کو بہترین بلےباز، محمدعامر کو بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔

دونوں کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی میں شاندار پرفارمنس دکھانے پر ایوارڈ سے نوازا گیا، بھارت کیخلاف پونے ٹیسٹ میں اسٹیو اسمتھ کی 109 رنز کی اننگز کو ٹیسٹ بیٹنگ  پرفارمنس آف دی ایئر  قرار دیا گیا ۔

کھیلوں کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے سال 2017  کے ایوارڈز کا اعلان کر دیا ،چیمیپئنز ٹرافی کے فاتح  گرین شرٹس کے دو کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا گیا ۔

چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی بولرز کی درگت بنانے والے قومی اوپنر فخر زمان کو سال کا بہترین بلے باز قرار دیا گیا ،اسٹار بلے باز نے فیصلہ کن معرکے میں شاندار سنچری اسکور کی تھی ۔

منی ورلڈ کپ میں بھارتی  بلے بازوں کے  ارمان خاک میں ملانے والے قومی کرکٹر محمد عامر سال کے بہترین باؤلر کا ایوارڈ لے اڑے ۔

بھارت کیخلاف  پونے ٹیسٹ  میں 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اور جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کی پرفارمنس کو ٹیسٹ  بیٹنگ پرفارمنس آف دی ایئر قرار دیا گیا ۔

نیتھن لائن  کو بنگلور ٹیسٹ میں  8 بھارتی بلے بازوں کا شکار کرنے پر  ٹیسٹ بولنگ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ۔

ٹی 20 بیٹنگ آف دی ایئر  کا ایوارڈ ویسٹ انڈیز کے ایون  لوئس  ، جبکہ بولنگ آف دی ایئر کا ایوارڈ بھارت کے چہال کے نام رہا ۔