Monday, May 13, 2024

کرپٹ ٹولے نے نان ایشوز پر سیاست چمکا کر اپنا تماشہ خود لگوایا، وزیراعلیٰ بزدار

کرپٹ ٹولے نے نان ایشوز پر سیاست چمکا کر اپنا تماشہ خود لگوایا، وزیراعلیٰ بزدار
March 13, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے نے نان ایشوز پر سیاست چمکا کر اپنا تماشہ خود لگوایا۔ ہم قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار اور شہزاد اکبر نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم عمران خان، صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، ہم اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر بیرسٹرشہزاد اکبرنے کہا کہ مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے منیر احمد خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کے ڈپٹی چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی گئی۔

منیر احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بھی ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے انتظامی اُمور، مہنگائی پر قابو پانے اورکورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات دیں۔

عثمان بزدار نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات دیں۔