Friday, April 19, 2024

کرپٹ لوگوں کو پکڑنے پر چوروں نے یونین بنالی : عمران خان

کرپٹ لوگوں کو پکڑنے پر چوروں نے یونین بنالی : عمران خان
October 29, 2015
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں حکومتی جماعت اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام سیاستدانوں پر خوب برسے اور انہیں آڑے ہاتھوں لیا،ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں وہ اپنے کسی وزیر کے خلاف کارروائی کریں تو کوئی بولتا نہیں اپوزیشن پر ہاتھ ڈالیں تو سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، انہوں نے وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ کو بھی نہ بخشا۔ تفصیلات کےمطابق چیئرمین سیکرٹریٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی، پولیس کا استعمال، غنڈوں کو پالنا، قتل و غارت، دھاندلی اور کرپشن سے پیسہ بنانے کا نام سیاست ہے کسی کے خلاف کارروائی کریں تو انتقامی کارروائی قرار دے دیا جاتا ہے، اے این پی کی سینیٹر کو پکڑا تو سب چور اکٹھے ہو گئے۔یونین بنا لی اور لندن میں بیٹھے آصف علی زرداری بھی بول پڑے۔ عمران خان نے کہا کہ کسی بھی کرپٹ کو ہاتھ لگائیں تو سب چور اکٹھے ہو کر کہتے ہیں کہ اس سے ملک، سیاست اور جمہوریت کو خطرہ ہے جمہوریت تو مضبوط ہی انصاف سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ جیسا شخص وزیرقانون بنا بیٹھا ہے جس کے بارے میں عابدشیر علی کے والد کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ نے سترہ قتل کیے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حلقہ این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخابات میں ٹیکنیکل طریقے سے دھاندلی کی گئی لیکن وہ پھر بھی علیم خان کو مبارک دیتے ہیں کہ ان کا لیڈر تو پچاسی سو ووٹوں سے ہارا جبکہ علیم خان چوبیس سو ووٹوں سے ہارے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اقتدار کے لیے پولیس کو استعمال کرتی ہے اور اپنے ایمپائر کے بغیر میچ نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں حساس پولنگ اسٹیشنوں میں فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے ،عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرمحمد عامر کو سپاٹ فکسنگ کے جرم میں ٹیم سے باہر رکھا ہوا ہے جبکہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے آزاد پھر رہے ہیں۔