Thursday, April 18, 2024

کرپٹ لوگوں نے میرے نہیں غریب عوام کے پیسے لوٹے، وزیراعظم

کرپٹ لوگوں نے میرے نہیں غریب عوام کے پیسے لوٹے، وزیراعظم
November 10, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کرپٹ لوگوں نے میرے نہیں غریب عوام کے پیسے لوٹے۔

اسلام آباد میں انٹرنیشنل میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا لوٹ مار کرنے والوں پر رحم اور این آر اوز سے معاشرے کا بیڑاغرق ہو گیا۔ لوگ کہتے ہیں عمران خان رحم نہیں کرتا۔ کیا رحم کروں؟ کیا کرپٹ مافیا کو معاف کردوں؟

 انہوں نے کہا رحم کمزور اورغریب طبقے کیلئے ہے۔ بڑے ڈاکوؤں پر رحم نہیں کیا جاتا۔ ریاست مدینہ کے اصول پاکستان میں لاتے رہیں گے۔ مدینہ کی ریاست پر زور دینا میری زندگی کا تجربہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان بولے لوگ کہتے ہیں جنھوں نے پیسہ لوٹا انہیں معاف کر دوں، پیسہ میرا نہیں قوم کا ہے۔ ملک کوکنگال کرنے والوں کو معاف کرنے کا مجھے اختیار نہیں۔ سیاست اور بیوروکریسی سمیت ہر جگہ ہمارے سامنے مافیا بیٹھا ہے۔ ہمارے ملک میں کرپٹ مافیا بیٹھا ہے جہنوں نے پیسہ بنایا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا پیسہ بنانا مشن نہیں، پیسے سے انسانوں کی زندگی بہتر بنانا مشن ہے۔ لوگ لاہور کو پیرس بنانے کا کہتے تھے، ہم نے ملک کو مدینہ کی ریاست بنانا ہے۔ لوگ خیرات سب سے زیادہ دیتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے۔ لوگ اگر ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا۔