Thursday, April 25, 2024

کرپٹ لوگوں سے ریکور پیسہ قانون پاس کرکے تعلیم پر لگایا جانا چاہئے، وزیراعظم

کرپٹ لوگوں سے ریکور پیسہ قانون پاس کرکے تعلیم پر لگایا جانا چاہئے، وزیراعظم
September 17, 2020
ہری پور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعلیم پر خرچ کرنا ہوگا۔ کرپٹ لوگوں سے ریکور کیا گیا پیسہ قانون پاس کرکے تعلیم پر لگایا جانا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کردیا۔ یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت اور انجینئرنگ کے شعبے کی تعلیم دی جائے گی۔ فوڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں بھی خصوصی کورسز ہونگے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم، سائنس اور علم پر مبنی معیشت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے درست سمت میں بڑھ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ انسٹیٹیوٹ ملک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی کےلئے چین کی پانچ اور آسٹریا  کی تین جامعات کےساتھ تعاون کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے اور  صنعتیں لگائی جائیں گی۔ تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں جتنا زیادہ خرچ کریں گے وہ ہماری آئندہ نسلوں اور ملک کے لئے اتنا ہی بہتر ہوگا۔