Friday, April 26, 2024

نیب نے پرویز خٹک،میئرکراچی،سراج درانی سمیت متعددافراد کیخلاف انکوائریاں کھول لیں

نیب نے پرویز خٹک،میئرکراچی،سراج درانی سمیت متعددافراد کیخلاف انکوائریاں کھول لیں
September 5, 2018
اسلام آباد  ( 92 نیوز) کرپشن خلاف نیب نے کارروائیاں تیزکر دیں، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، میئرکراچی وسیم اختر اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت کئی اہم شخصیات کے خلاف انکوائریاں کھل گئیں، چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ’’احتساب سب کے لئے‘‘کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں  سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، میئرکراچی وسیم اختر اور آغا سراج درانی سمیت دیگرشخصیات کے خلاف 14 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔ نیب بورڈ نے سابق وائس چانسلر عبدالولی خان ، ڈاکٹر احسان علی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دیکر قومی خزانے کو328 ملین روپے کانقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ نیب نے سابق صوبائی وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن نوابزادہ محمود زیب ، سابق وزیر خوراک بلوچستان اظہارحسین، سابق رکن اسمبلی سلطان محمود اور دیگر کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ ملزمان پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔نیب نے چیف آپریٹنگ آفیسر میپکو اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کا نمٹانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔