Sunday, September 8, 2024

کرپشن کیس میں گرفتار قاسم ضیا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

کرپشن کیس میں گرفتار قاسم ضیا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
August 24, 2015
لاہور (92نیوز) احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف قاسم ضیاءکا مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کردیا۔ انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے قاسم ضیاءکو چھ دنوں کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت کے جج خاقان بابر کے روبرو پیش کیا۔ نیب کے وکیل نے قاسم ضیاءسے تفتیش کےلئے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جس کی قاسم ضیاءکے وکلاءنے بھرپور مخالفت کی۔ وکلاءنے کہا کہ نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ مانگنے کی استدعا بلاجواز ہے۔ قاسم ضیاءکو تفتیش کےلئے نیب کی تحویل میں دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ احتساب عدالت کے جج نے نیب اور قاسم ضیاءکے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور قاسم ضیا ءکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔ احتساب عدالت کی کارروائی کے بعد قاسم ضیاءکے وکلاءنے میڈیا سے بات کی اور کہا کہ نیب قاسم ضیاءکے خلاف کوئی بھی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ احتساب عدالت نے چودہ دنوں کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد قاسم ضیاءکو سات ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ قاسم ضیاءپر کروڑوں روپے فراڈ اور جعلسازی کے الزامات ہیں۔