Sunday, May 19, 2024

کرپشن کرنیوالا غلاف کعبہ میں بھی چھپ جائے تو معافی نہیں : سراج الحق

کرپشن کرنیوالا غلاف کعبہ میں بھی چھپ جائے تو معافی نہیں : سراج الحق
April 24, 2016
لاہور (92نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دو کروڑ پاکستانی بچے غربت کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں نہیں جاسکتے۔ پاکستانی علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ کروڑوں نوجوان ڈگریاں جلانے اور گردے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ شہر لاہور میں چار جنوری کوایک مزدور نے دو بیٹیوں کو ذبح کیا۔ ملک میں کئی لوگ اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ لاہور میں کرپشن فری تحریک سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پیسے یہاں کماتے ہیں اور چھپاتے پاناما میں ہیں۔ یہ لوگ دانہ ادھر چگتے ہیں‘ انڈے کہیں اور دیتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا عوام سے جمہوریت اور احتساب کے نام پر دھوکا ہوا ہے۔ یہ ایک ٹولہ ہے جو بار بار چلتا ہے۔ منافق ٹولے کی وجہ سے پاکستان بنگلہ دیش بن گیا۔ اسی ٹولے کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کا محتاج ہے اور ملک میں چھوٹو اور موٹو کا گینگ وجود بھی انہی سے ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا پاناما لیکس نے ان کے چہرے سے پردہ اٹھایا ہے۔ پہلے دن سے ہمارا موقف ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔ حکومت نے من پسند کمیشن اور ٹی او آرز دیے ہیں۔ ٹی اوآرز میں کسی سزاکے تعین کی بات نہیں ہے۔ سراج الحق نے کہا اسحاق ڈار نے بتایا ملک پر اٹھارہ ہزار ارب کا قرضہ ہے اور یہ سارا قرضہ آئندہ نسلوں نے اداکرنا ہے۔ سود اداکرنے کے لیے ہمیں مزید سود لینا پڑتا ہے۔ ان حکمرانوں نے ہمارا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سے توقعات تھیں مگر وہ بھی مک مکا کے راستے پر گامزن ہے۔ انہی عدالتوں نے ریمنڈ ڈیوس کو جانے دیا۔ عدلیہ کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کی دیت بھی ہماری ہی جیب سے ادا ہوئی۔ سراج الحق نے کہا انتخابات جمہوریت کے نام پر بدنما داغ ہیں‘ اس جمہوریت اور نظام میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ملکی دولت لوٹنے والے غلاف کعبہ میں بھی چھپ جائیں اور اگر لوٹی دولت واپس نہ کریں تو بھی انھیں معاف نہ کریں۔