Monday, May 6, 2024

کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، عمران خان

کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، عمران خان
January 4, 2019
انقرہ (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا پاکستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے۔ عمران خان نے انقرہ میں ترک بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ وہ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ان مسائل کی بنیادی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے جامع پالیسی کا نہ ہونا تھا۔ لہذا وہ یقین دلاتے ہیں کہ سرمایہ کاری میں پاکستان میں ماحول کو سازگار بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کو ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا بہت سے اہم فیصلے اچانک کر دئیے جاتے تھے جس کی وجہ سے سرمایہ کار پریشان ہوئے۔ مسائل کی بنیادی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے جامع پالیسی کا نہ ہونا تھا۔ عمران خان کا تحریک انصاف کی پالسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ترک سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ اب پاکستان میں ان کو بالکل مختلف حکومت نظر آئے گی۔ ایسی حکومت جو سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرے گی اور پوری حکومت ملک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی حکومت ویلتھ کری ایشن کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور یہی پالیسی لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر لاسکتی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین نے جو اپنی قوم کے لئے کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ وزیراعظم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ملائیشیا اور کوریا کے لئے رول ماڈل تھا۔ ملک کو انشااللہ ترقی اور خوشخالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان ترکی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے انقرہ میں بزنس کمیونٹی کو اپنی حکومت کی معاشی پالیسوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی۔