Thursday, March 28, 2024

کرپشن ملک کو کھا گئی، لوگ لوٹ مار کر کے پیسہ باہر لے جاتے ہیں: جہانگیر ترین

کرپشن ملک کو کھا گئی، لوگ لوٹ مار کر کے پیسہ باہر لے جاتے ہیں: جہانگیر ترین
October 22, 2015
اسلام آباد (92نیوز) این اے 154 لودھراں سے ن لیگی رہنما صدیق بلوچ کے وکیل نے اپنے موکل پر لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کے خلاف دلائل دے دیئے۔ جہانگیر ترین کہتے ہیں کہ خوشی ہے سپریم کورٹ جلد اس کیس کو نمٹارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے154لودھراں کی انتخابی عذرداری کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ نااہل قرار پانے والے ن لیگی رہنما صدیق بلوچ کے وکیل شہزاد شوکت نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے حوالے سے درجن سے زائد افراد نے بیان حلفی جمع کرائے مگر کسی بھی گواہ اور شہادت نے دھاندلی کو صدیق بلوچ سے منسوب نہ کیا تاہم نادرا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پونے تین لاکھ ووٹوں میں 20 ہزار ووٹ غیر مصدقہ نکلے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ 20 ہزار ووٹوں کا غیر مصدقہ ہونا اس بات کا اشارہ ہے کہ اس بے ضابطگی کا اثر حلقے کے نتیجے پہ پڑا۔ کیس کہ اگلی سماعت میں صدیق بلوچ کی جعلی ڈگری کے معاملے پر دلائل دیئے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ انہیں کیس کے منطقی انجام تک پہنچنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کو کھا گئی، لوگ لوٹ مار کر کے پیسہ باہر لے جاتے ہیں۔ نیب کو خود مختار بنایا جائے۔ تمام لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ کیس کی مزید سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔