Thursday, May 9, 2024

کرپشن الزام میں گرفتار امیر مقام کے بیٹے کی ضمانت منظور

کرپشن الزام میں گرفتار امیر مقام کے بیٹے کی ضمانت منظور
May 28, 2019
پشاور ( 92 نیوز)شانگلہ الپوری سڑک کی تعمیر میں کرپشن الزام  میں گرفتار لیگی رہنماء امیرمقام کے بیٹے کی ضمانت منظور کرلی گئی، وفاقی انٹی کرپشن عدالت نے پانچ لاکھ دونفری ضمانت پر اشتیاق امیرمقام کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیرمقام کے بیٹے اشتیاق احمد، کزن محمد علی اور این ایچ اے کے تین ملازمین کو شانگلہ الپوری سڑک کی تعمیر میں کرپشن کے الزام پرگرفتارکیا تھا۔ حیات آباد پشاور میں وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کے جج سید کمال حسین ملزموں کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے سماعت کے بعد پانچوں ملزموں اشتیاق احمد، محمد علی، این ایچ اے ملازمین محمد اشفاق، محمد ایاز اور ارشد کی پانچ لاکھ دونفری ضمانت منظورکرکے رہائی کا حکم جاری کیا۔ عدالتی روبکار جاری ہونے پر اشتیاق احمد کو سنٹرل جیل پشاور سے رہا کیا جائے گا۔ لیگی رہنماء امیر مقام نے بیٹے کی ضمانت منظوری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو ہوئے۔ سیاسی انتقام ہمیں حق اور سچ کہتے سے خوف زدہ نہیں کرسکتا۔