Sunday, September 8, 2024

کروڑوں روپے ٹیکس دینے والی کراچی سبزی منڈی کرپشن کا گڑھ بن گئی

کروڑوں روپے ٹیکس دینے والی کراچی سبزی منڈی کرپشن کا گڑھ بن گئی
January 18, 2016
کراچی (92نیوز) ایشیا کی سب سے بڑی سبزی منڈی میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔ سالانہ 18 کروڑ کی فیس اور وہیکل ٹیکس وصولی کے باوجود بھی مارکیٹ پرسالانہ 18 لاکھ تک نہیں لگائے جاتے۔ یہاں سڑک ہے‘ پانی ہے اورنہ ہی بجلی۔ تفصیلات کے مطابق پندرہ برس قبل کراچی کی سبزی منڈی کو شہر سے باہر سپر ہائی وے منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کو وسائل اور ان گنت سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کیے گئے مگرسبزی منڈی میں داخل ہوتے ہی اس ڈھول کا پول کھل جاتا ہے۔ سو ایکڑ پر پھیلی سبزی منڈی میں 15 برسوں میں ایک سڑک بھی نہ بن پائی۔ ہزاروں دکانوں میں بجلی کے کنڈے چل رہے ہیں اور پانی کا تو نام ونشان نہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے مارکیٹ کمیٹی بنائی گئی جو تاجروں کی مشکلات سے بے پروا ہوکر سالانہ فیس اور وہیکل ٹیکس سے جیبیں بھرنے میں مصروف ہے۔ نیوسبزی منڈی سے منوں کے حساب سے سبزیاں اور پھل برآمد کیے جاتے ہیں تاہم اگر مارکیٹ کا حال زار دیکھا جائے تو اپنے شہری بھی سبزیاں اور پھل کھانے سے ہمیشہ کے لیے توبہ کر لیں۔