Friday, May 10, 2024

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کو بچھڑے 24 سال بیت گئے

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کو بچھڑے 24 سال بیت گئے
August 31, 2021 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) دلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی ڈیانا کو بچھڑے 24 سال بیت گئے۔

روشنیوں کے شہر پیرس کی تاریک رات اپنے دوست کے ہمراہ پاپا رازی فوٹو گرافرز سے بچتی برطانوی شہزادی کا خوفناک کار حادثہ ہوا اور ڈیانا ہم سے بچھڑ گئیں۔ آج شہزادی ڈیانا کی 24 ویں برسی ہے۔ وہ اپنے دوست کے ہمراہ پیرس میں کار حادثے کا شکار ہوئیں۔

شہزادی ڈیانا یکم جولائی 1961 کو برطانیہ کے شہر نورفوک میں پیدا ہوئیں۔ ہمیشہ تعلیمی سرگرمیوں سے زیادہ فلاحی کاموں میں دلچسپی رہی۔ ڈیانا نے 29 جولائی 1981 کو شہزادہ چارلس سے شادی کی۔ ان کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا۔ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے تقریب براہ راست دیکھی۔ ان کے دو بیٹے شہزادہ ولیم اور ہیری ہیں۔ شاہی جوڑے کے درمیان 16 سال بعد اگست 1996 میں طلاق ہو گئی۔

ڈیانا کی مقبولیت کا بڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی۔ طلاق کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہ آئی۔ مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ تصاویر لیڈی ڈیانا کی کھینچی گئیں۔ شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی شہزادی لیڈی ڈیانا ایک رحم دل خاتون تھیں۔ وہ خوبصورتی میں بے مثال اور پرکشش شخصیت کی حامل تھیں۔ فلاحی کاموں کے سلسلے میں انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا۔ فلاحی خدمات کی وجہ سے مرنے کے بعد 1997 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔

تنازعات نے زندگی بھر برطانوی شہزادی کا پیچھا کیا۔ ان کی موت کس طرح ہوئی، یہ بات آج تک متنازعہ ہے۔ پرنسس آف ویلز کی شادی کی طرح ان کی آخری رسومات کو بھی دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔