Thursday, April 25, 2024

کرونا وائرس کے مریض کی تصدیق، ائیرپورٹ اسکریننگ عمل پر سوال اٹھ گئے

کرونا وائرس کے مریض کی تصدیق، ائیرپورٹ اسکریننگ عمل پر سوال اٹھ گئے
February 27, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں کرونا وائرس  کے مریضوں کی تصدیق کے بعد ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے عمل پرسوال اٹھ گئے ، کیا متاثرہ نوجوان کی اسکریننگ نہیں کی گئی ؟، اگر کی گئی تھی تو وائرس کی تصدیق کیوں نہ ہوسکی ؟، دوسری جانب متاثرہ ملکوں کیلئے پروازوں پر عارضی پابندی بھی نہیں لگائی جاسکی۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا خوف ہے ، ہر ملک اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے فکرمند  ہے ، کئی مملک نے وائرس سے متاثرہ ممالک کیلئے پروازوں پر عارضی پابندی عائد کردی ۔ سول ایوی ایشن حکام نے سنگین صورتحال میں بھی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا  اور ایران سمیت کسی متاثرہ مُلک کیلئے پروازوں پر عارضی پابندی نہیں لگائی ، پابندی عائد کرنے سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ روکا جاسکتا ہے ۔ ایئرپورٹ پر متاثرہ نوجوان کی اسکریننگ کے دوران نشاندہی کیوں نہیں ہوسکی ؟،  کیا ایئرپورٹ پر آلات کی کمی ہے یا محکمہ صحت کی نااہلی ؟،  کیا ڈاکٹر کی غفلت سے متاثرہ شخص ایئرپورٹ سے باہر آیا ؟ ، اس صورتحال میں سوال اٹھنے لگے کہ خطرے کے ہائی الرٹ کے باوجود انتظامات مکمل کیوں نہیں تھے ؟۔ آج صبح تہران سے ایران ایئر کی پرواز کراچی پہنچنے پر مسافروں کی اسکرینگ بھی کی گئی  اس دوران کسی بھی صورتحال کے پیش نظر ایئرپورٹ ایمبولینس بھی موجود رہی ۔ کراچی کے متاثرہ نوجوان کے ساتھ پرواز سے آنے والا ایک مسافر  محراب پور پہنچ گیا، جس نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر اسریننگ نہیں کی گئی ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہرو فیروز کا کہنا ہے متاثرہ مریض کے ساتھ آنے والے شہری کی تشخیص کی جائے گی ۔