Thursday, April 25, 2024

کرونا وائرس کیخلاف جنگ ، سندھ کابینہ نے 10 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لئے

کرونا وائرس کیخلاف جنگ ، سندھ کابینہ نے 10 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لئے
March 3, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ کابینہ نے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے 10 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لئے۔ وزیر اعلی مرادعلی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ محکمہ صحت کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے 10 کروڑ روپے کا ایمرجنسی فنڈ مختص کر دیا گیا ہے۔ وائرس کی تشخیص کے لئے 5 ہزار اسکریننگ کٹس خریدی جائیں گی۔ سندھ میں 118 بستروں پر مشتمل 9 آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں 300 بستروں پرمشتمل جدید کیورنٹائن سینٹر بھی قائم کیا گیا ۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹ پر جدید اسکینرز بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ملازمین کے بائیومیٹرک کے استعمال پر پابندی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بعد گلگت بلتستان میں تعلیمی ادارے سات مارچ تک بند کر دیئے گئے۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے بتایا کہ کروناوائرس کے لیے انڈس اسپتال سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کابینہ نے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات اور وزیراعلی کی ذاتی کوششوں کی تعریف کی اور فیصلہ ہوا کہ ایران چین سے آنیوالے افراد کی اسکریننگ جاری رہے گی۔