Tuesday, April 16, 2024

کرونا وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر

کرونا وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر
January 26, 2020
لاہور ( 92 نیوز) چین سمیت دنیا بھر میں  خطرے کی گھنٹی بجانے والا  کرونا وائرس  کیا ہے  اور کیسے پھیلتا ہے۔  اس کی علامات اور احتیاطی تدابیر جاننا بہت ضروری ہے ۔ چین کے شہر ووہان سے پھیلنےوالےکرونا وائرس کے متاثرہ افراد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ، چینی وزیر صحت ما شیاؤ وی نے اعتراف کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل شدت آرہی ہے۔ خطرناک کرونا وائرس کے بارے میں معلومات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں تاہم سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس کی شروعات سانپوں سے ہوئی تھی۔جنہیں ووہان میں جانوروں کی منڈی میں لایا گیا تھا۔تاہم یہ وائرس  چمگادڑ،چوہوں اور  دیگر جانوروں کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے ۔ کرونا وائرس کی نصف درجن سے زائد اقسام دریافت ہوچکی ہیں ،اس کے کناروں پر  ایسے ابھار موجود ہیں جو کراؤن یعنی تاج جیسے نظر آتے ہیں ۔اسی بنا پر انہیں کرونا وائرس کہا جاتا ہے کرونا وائرس ناک اور منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا جہاں وہ سانس لینے کے نظام میں موجود ایک خلیے سے جُڑتا ہے اور پھر دیگر خلیوں پر اثر انداز ہونا شروع ہوتا ہے۔یہ کھانسی  ، چھینک ، ہاتھ لگانے اور  ایک ہی برتن میں کھانا کھانے سےپھیلتا ہے۔ وائرس کی علامات 2 سے 14دنوں کے درمیان سامنے آنے لگتی ہیں  جن میں ناک کا بہنا،کھانسی ، سر اور گلے میں درد اور تیز بخار شامل ہیں ۔وائرس سے نمونیہ  اور پھیپھڑوں میں سوجن پیدا ہوتی ہے جس کے باعث سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے ۔ ،رونا وائرس کا ابھی تک کوئی  علاج  ڈھونڈا گیا ہے اور نہ ہی  اس کی کوئی ویکسین موجود ہے جبکہ  اس پر اینٹی بائیوٹکس کا بھی اثر نہیں ہوتا۔تاہم چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اس سے بچا جاسکتا ہے۔ اپنے ہاتھ بار بار دھویں اور اپنے ناک یا چہرے کو مت رگڑیں ،  باہر جاتے ہوئے ماسک پہنیں ،  پرہجوم جگہوں سے اجتناب کریں ، وائرس سے متاثرہ شخص کو الگ تھلگ رکھیں، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور  پانی ابال کر زیادہ سے زیادہ پئیں۔