Thursday, May 9, 2024

کرونا وائرس کا پھیلاؤ ، چینی حکام کی متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کی تصدیق

کرونا وائرس کا پھیلاؤ ، چینی حکام کی متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کی تصدیق
January 26, 2020
 بیجنگ (92 نیوز) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے چینی حکام نے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کی تصدیق کر دی۔ کرونا وائرس نے چین سمیت متعدد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی۔ 2 ہزار 58 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ کینیڈا بھی متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا۔ امریکا اور فرانس نے اپنے شہریوں کو ووہان سے نکالنے کی تیاریاں کر لیں۔ ہانگ کانگ میں وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔ متاثرہ شخص نے ووہان کا سفر کیا تھا۔ ڈزنی لینڈ اور اوشن پارک بھی بند کر دیا گیا ۔ تائیوان نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے ہاں آنے والے چینی سیاحوں کے گروہوں کو روک دیا جبکہ صوبہ ہوبئی کے افراد کے ملک میں آنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ امریکا اور فرانس نے اپنے شہریوں کو ووہان سے نکالنے کی تیاریاں کر لیں ہیں۔ فرانسیسی شہریوں کو دوسرے چینی شہر منتقل کیا جائے گا جہاں سے انہیں فرانس واپس لایا جائے گا۔ امریکا منگل کے روز اپنے اسٹاف اور شہریوں کو ووہان سے نکالے گا۔ ادھر وائرس پر قابو پانے کے لیے چینی اقدامات بھی زوروں پر ہیں۔ وائرس کے سدباب کے لیے ویکسین کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ووہان شہر میں شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چینی حکام نے بیجنگ سمیت کئی شہروں میں طویل سفر کرنے والی بسوں پر پابندی لگا دی ہے۔ چین نے پورے ملک میں جانوروں کی تجارت پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے پولٹ بیورو کی میٹنگ بلا لی اور کہا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ امریکا، فرانس، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، تھائی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور، نیپال، ویتنام، جنوبی کوریا اور تائیوان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔