Monday, May 13, 2024

کرونا وائرس چین،امریکا ،تھائی لینڈ اور کوریاکےبعد چاپان پہنچ گیا

کرونا وائرس چین،امریکا ،تھائی لینڈ اور کوریاکےبعد چاپان پہنچ گیا
January 23, 2020
ٹوکیو ( 92 نیوز) کرونا وائرس نے چین سے امریکا، تھائی لینڈ، کوریا، اور جاپان کا بھی رخ کر لیا ، اب تک 17 افراد ہلاک اور ساڑھے پانچ سو کے لگ بھگ متاثر ہو چکے ہیں ۔ ایسے میں چینی حکام کی جانب سے غیر معمولی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ، وائرس کا جغرافیائی مرکز سمجھے جانے والے چینی شہر وہان کیلئے عوامی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرونا نے چین سمیت پوری دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی،چین کے درجن بھر علاقوں سے جاپان اور امریکا سمیت متعدد ممالک کا بھی رخ کر چکا ہے۔ نمونیا جیسے اثرات کے حامل اس وائرس نے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر وہان کو کیا ہے اور اسی کو وائرس کا جغرافیائی مرکز تصور کیا جا رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ حکام نے وہان کیلئے عوامی ٹرانسپورٹ پر پابندی لگا دی ہے ، کوئی بھی پرواز یا ٹرین وہان شہر سے باہر نہیں جا سکے گی جبکہ بس اور فیری سروس بھی بند رہے گی۔ اسپیشل کمانڈ سینٹر برائے انسداد کرونا وائرس نے وہان شہر کے تقریباً 1 کروڑ دس لاکھ شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی شخص غیر معمولی وجوہات اور اجازت کے بغیر شہر نہ چھوڑے ۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا مقصد وبا کے پھیلاؤ کو پُرعزم انداز میں کچلنا ہے ، واضح رہے کہ پابندیوں کا اطلاق آج یعنی 23 جنوری کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت کےسربراہ ٹیڈروس آدھانوم  کی جانب سے چینی اقدامات کی تعریف  کی ،عالمی سطح پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ  بھی مؤخر کردیا، کہتے ہیں مضبوط اقدامات سے نہ صرف چین بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات بہت کم رہ جائیں گے۔