Monday, May 13, 2024

کرونا وائرس، چین میں مزید 45 ہلاک، اسپین بھی متاثرہ ممالک میں شامل

کرونا وائرس، چین میں مزید 45 ہلاک، اسپین بھی متاثرہ ممالک میں شامل
February 2, 2020
ووہان (92 نیوز) کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے پوری دنیا میں خوف کی لہر دوڑ گئی، چین میں مزید 45 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 259 ہوگئی۔ متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپین بھی متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا۔ کرونا وائرس چین سمیت پوری دنیا کے لیے بھیانک خواب بن گیا، چینی حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھنے لگی۔ دنیا کے 20 سے زائد ممالک وائرس کے شکنجے میں آ گئے۔ عالمی ایئر لائنز کی جانب سے چین کے لیے پروازیں منسوخ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایئر نیوزی لینڈ نے بھی چین کے لئے اپنی پروازیں بند کردیں جبکہ آسٹریلیا کی کنٹاس ایئر لائن اور فلپائن کی سیبو پیسفک نے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کے باعث چین کا پہلا بیڈ منٹن ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا ہے اور ہوبئی کے 123 شہری ملائشیا سے واپس پہنچ گئے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے بعد امریکا نے بھی طبی ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پچھلے 2 ہفتوں میں چین جانے والے غیر ملکی افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ دوسری جانب اسپین بھی وائرس سے متاثرہ ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ حکام نے ملک میں پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے جبکہ آسٹریلیا میں 10 واں کیس سامنے آیا ہے۔ متاثرہ مریض کا تعلق ریاست وکٹوریا سے ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکا کی وال اسٹریٹ مارکیٹ 600 پوائنٹس گر گئیں۔