Monday, May 13, 2024

کرونا وائرس چین سے امریکا پہنچ گیا ، حکام نے تصدیق کر دی

کرونا وائرس چین سے امریکا پہنچ گیا ، حکام نے تصدیق کر دی
January 22, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) پُراسرار وائرس کرونا  چین میں پنجے گاڑنے کے بعد دوسرے ممالک کا رخ کرنے لگا ، موذی وبا سے متاثرہ شخص امریکا پہنچ گیا ، حکام نے تصدیق کردی، خطرناک وائرس  سے ہلاکتوں کی تعداد نو تک جاپہنچی ہے۔ پُراسرار وائرس کرونا نے چین میں خطرے کی گھنٹی بجادی جو تیرہ صوبوں تک پھیل چکا ہے، موذی وبا سے 440 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ نمونیا جیسے اثرات کے حامل اس وائرس نے سب سے زیادہ متاثر صوبہ وہان کو کیا ہے جہاں سے یہ ملک کے دوسرے علاقوں میں پھیلا ہے ، چینی صدر شی جن پنگ نے وبا کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔ کرونا  چین کے بعد دوسرے ممالک کا رخ کررہا ہے ، امریکا میں بھی ایسے ہی ایک کیس سامنے آگیا،ریاست واشنگٹن کے شہر ایوریٹ کا رہائشی شخص ایک ہفتہ قبل چین سے وطن لوٹا تھا جسے اسپتال منتقل  کردیا گیا ہے ۔ ادھر تھائی لینڈ، جاپان اور کوریا میں بھی کرونا کے کیسز سامنے آچکے ہیں، متاثرہ افراد حال ہی میں چین سے واپس آئے تھے۔ چین میں اس سے قبل کرونا وائرس 2002 میں سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے 774 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔