Wednesday, May 8, 2024

کرونا وائرس مزید 97 زندگیاں نگل گیا، کل تعداد 910 ہو گئی

کرونا وائرس مزید 97 زندگیاں نگل گیا، کل تعداد 910 ہو گئی
February 10, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) کرونا وائرس مزید زندگیاں نگلنے لگا، وائرس سے چین میں مزید 97 افراد ہلاک ہو گئے ، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد910ہوچکی ہے، جن میں سے 908 افراد چین میں لقمۂِ اجل بنے۔جبکہ کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 40ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں نئے کیسز کی تشخیص کسی بھیانک صورتحال کی جانب اشارہ کر رہی ہے۔ جان لیوا کرونا وائرس  کے وار جاری ہیں، ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں اضافے نے پوری دنیا کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید 97 افراد موذی وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد دنیا بھر میں مجموعی ہلاکتیں 910 تک جاپہنچی ہیں، جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھتے بڑھتے 40 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ چینی حکام کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں، وائرس کے گڑھ ووہان میں  روزانہ دو بار جراثیم کُش اسپرے کیا جارہا ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹر دن رات مریضوں کے علاج میں مصروف ہیں، متعدد مقامات پر کاروباری سرگرمیاں شروع  کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایدھنم نے کرونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے خبردار کردیا، کہتے ہیں، وائرس کے دنیا بھر میں نئے کیسز کی تشخیص،، کسی بھیانک صورتحال کی جانب اشارہ کررہی ہے۔ جاپان کے شہر یوکوہاما کے ساحل پر لنگرانداز کروز پر سوار افراد کو اترنے کی اجازت تاحال نہیں دی گئی ،وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انہیں مزید نو روز محصور ہونا پڑے گا۔